13 جولائی 2014 - 13:09
اسرائیل کی بربریت جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 170 ہوگئی

صہیونی فورسز کی مقبوضہ غزہ کی پٹی میں سفاکانہ کارروائیاں مسلسل پانچویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی جیٹ طیاروں کی تازہ بمباری میں مزید 30 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ابنا: صہیونی فورسز کی مقبوضہ غزہ کی پٹی میں سفاکانہ کارروائیاں مسلسل پانچویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی جیٹ طیاروں کی تازہ بمباری میں مزید 30 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ فلسطینی کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 افراد جبلیہ میں، 2 افراد شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیہ میں, 3 مشرقی غزہ میں شہید ہوئے۔ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 5 روز سے جاری بمباری میں اب تک 170 نہتے فلسطینی شہید جب کہ 700 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فریقین سے جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا تھا کہ وہ غزہ میں تشدد کو رکوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے۔

.......

/169